.

دبئی کریک عبور کرنے کی تیاری میں سعودی خاتون تیراک کو کتنا وقت لگا ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مہم جو طبیعت کی مالک سعودی خاتون ڈاکٹر مریم صالح بن لادن نے دبئی کریک میں 24 کلومیٹر تیراکی کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ دو ریکارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔ وہ برطانوی دریائے ٹیمز کو تیر کر عبور کرنے والی پہلی خاتون ہیں جب کہ رودبار انگلستان کی سرنگ کو عبور کرنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔

مریم بن لادن نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دبئی کریک میں تیراکی کا خیال شامی پناہ گزینوں کی تکالیف کم کرنے کے منصوبے کا ایک حصہ تھا اور اس تجربے سے ثابت ہو گیا کہ مصمم عزم اور قوت ارادی کے سامنے کوئی چیز ناممکن نہیں۔

مریم کے مطابق دبئی کریک کو عبور کرنے کی تیاری میں لگنے والا وقت ایک ماہ سے زیادہ نہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ " میں گرم موسم میں تیراکی کی عادی نہیں تھی تاہم قدرتی انداز سے موسم کے ساتھ ہم آہنگی ہو گئی اور ہدف کو کامیابی سے حاصل کر لیا گیا"۔ مریم کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں دیگر مقامی متعلقہ اداروں کے زیر نگرانی منعقد ہوا۔

ڈاکٹر مریم بن لادن نے دبئی کریک میں تیراکی کو اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جو کوئی بھی انسانی اور فلاحی کاموں میں حصہ لے سکتا ہے وہ اس سلسلے میں ہر گز دیر نہ کرے۔ مریم کے مطابق وہ پناہ گزینوں کے امور کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کے تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔