.

امریکی پابندیوں پراردنی فضائی کمپنی کی مسافروں کے لیے’ٹپس‘!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسرے ملکوں کے باشندوں کے امریکا داخلے پرسخت پریشانی ہے اور ان کی اس پریشانی کا اظہار ان کے نت نئے متنازع فیصلوں سے ہوتا ہے۔ کبھی فیصلہ آتا ہے کہ فلاں فلاں مسلمان ممالک کے باشندوں کے لیے امریکا میں داخلہ ممنوع ہے۔ ایک اور صدارتی فرمان جاری ہوتا ہے کہ فضائی سفر کے دوران الیکٹرانک کے آلات بالخصوص لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون ساتھ لانے پر پابندی عاید کی جاتی ہے۔ روز مرہ پابندیوں سے مسافر بھی سخت نالاں ہیں۔ مگر اردن کی اکلوتی سرکاری ایئرلائن نے مسافروں کی پریشانی دور کرنے کے لیے ایک ’طریفانہ‘ حل نکالا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اردنی رائل ایئرلان کی طرف سے حال ہی میں مزاحیہ پیرائے میں یہ اعلان جاری کیا گیا کہ کمپنی ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کی پابند نہیں۔ اس مزاحیہ اعلان کا مقصد بھی مسافروں پر دباؤ کم کرنے کی کوشش تھی۔

جب امریکی حکومت کی طرف سے سات مسلمان ملکوں کے باشندوں کی امریکا داخلے پر پابندی عاید کی گئی تو اردنی ایئرلائن نے اعلان کیا کہ ’ہمارے ساتھ امریکا کا سفر کریں۔ ہمارے ساتھ سفر کرتے ہوئے آپ کو امریکا داخل ہونے کی اجازت ہے‘۔

گذشتہ ہفتے امریکی حکومت نے الیکٹرانک آلات ہوائی جہازوں میں مسافروں کے ساتھ لانے پر پابندی عاید کی تو اردنی ایئرلائن نے اس کا بھی ظریفانہ حل نکالا۔ کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ کے آفیشل صفحے پر لکھا کہ ’ہم نے ایک ایسا حل نکالا ہے جس کی مدد سے مسافر فضائی سفر کے دوران الیکٹرانک آلات کی کمی محسوس نہیں کریں گے‘۔

فضائی کمپنی کی طرف سے مسافروں کے لیے 12 شاہی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ان میں مسافروں سے کہا گیا ہے’دوران سفر کتاب کا مطالعہ کریں‘، اپنے ساتھ والی نشست پر بیٹھے شخص کو خوش آمدید کہیں، ایک گھنٹے تک صرف یہ سوچتے رہیں کہ آپ کو دوران سفر کیا دیکھنا ہے۔ فضائی سروس کے معجزے کو سراہیں۔ زندگی کے مفہوم کے بارے میں غور کریں اور سوچیں کہ آپ اپنے ساتھ لیپ ٹاپ کیوں نہیں لاسکے ہیں ۔۔۔ وغیرہ‘۔

اردنی شاہی فضائی کمنی نے انگریزی زبان میں مسافروں کا دل بہلانے کے لیے ایک چھوٹی سے نظم بھی تیار کی ہے۔

اس کا مفہوم کچھ یوں ہے’ہر ہفتے نئی پابندیاں، جب آپ سفر کی پوزیشن میں ہو امریکا کا سفر کیجیے، آپ کے بیٹے نے ہمیں بھی شاعر بنا دیا۔ دوران سفر ہمارا سامان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔ ہمارے پاس سب کے لیے بہترین ٹپس ہیں۔