.

مصر:گرجا گھروں پرحملوں کے 7 مشتبہ منصوبہ ساز ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے عیسائی برادری کی عبادت گاہوں پر دہشت گردانہ حملوں کی سازش تیار کرنے میں سرگرم سات مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی جنوبی گورنری اسیوط سے دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کی فکر اپنانے والے متعدد ملزمان کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسیوط کے پہاڑی علاقوں میں مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتا چلانے کے بعد ان پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم سےکم سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے شدت پسند مصر میں عیسائی شہریوں اور گرجا گھروں میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

بیان کے مطابق شدت پسند ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کےتحت بارود اور دھماکہ خیز مواد کی تیاری میں بھی مصروف تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے خود کار رائفلیں، بارود، گولیاں، ایک موٹرسائیکل، داعش کا لٹریچر اور متعدد دیگر اشیاء قبضے میں لی گئی ہیں۔