.

آسٹریلیا کی شہریت چاہیے تو انگریزی میں طاق ہوجائیں!

غیرملکیوں کو شہریت دینے کے لیے شرائط مزید سخت ، چار سال اقامت ضروری ہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسٹریلوی حکومت نے غیرملکیوں کو شہریت دینے کے لیے شرائط مزید سخت کردی ہیں اور اس کے لیے انگریزی زبان میں مہارت ،صنفی امتیاز کی پاسداری اور چار سال تک رہائش کو بنیادی شرائط قرار دیا ہے۔

وزیراعظم میلکم ٹرنبل نے جمعرات کے روز آسٹریلوی شہریت کے نئے قواعد وضوابط کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ آسٹریلیا ایک ’’غیرمعمولی قوم‘‘ ہے ۔ دوسری اقوام کی طرح نسل یا مذہب یا ثقافت کی بنیاد پر ہماری تعریف نہیں کی جاتی ہے۔ہماری تعریف عمومی اقدار ،سیاسی اقدار ،قانون کی حکمرانی ، جمہوریت ،آزادی ،باہمی احترام اور خواتین اور مردوں میں مساوات کی پاسداری کی بنیاد پر کی جاتی ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’ یہ بنیادی اقدار ہی ہمیں آسٹریلین بناتی ہیں۔ ہمارے شہریت کے عمل کو اس کی عکاسی کرنی چاہیے۔اس لیے آج ہم شہریت کو مضبوط بنانے اور ایک مضبوط آسٹریلیا کے لیے تبدیلیوں کا اعلان کررہے ہیں‘‘۔

ان کی حکومت نے یہ فیصلہ عوامی دباؤ کے پیش نظر کیا ہے جبکہ تارکینِ وطن مخالف جماعت ’’ون نیشن‘‘ کی جانب سے بھی ان اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔نئے قواعد وضوابط کے تحت اب شہریت کے امیدواروں کو چار سال تک مستقل آسٹریلیا میں اقامت اختیار کرنا ہوگی جبکہ موجودہ قواعد کے تحت یہ اقامتی مدت صرف ایک سال ہے۔

اس کے علاوہ ملازمت کے ریکارڈ اور مقامی آبادی میں گھل مل جانے کی صلاحیت اور رویے کو بھی ملحوظ رکھا جائے گا۔آسٹریلیا کے امیگریشن کے وزیر پیٹر ڈوٹن کا کہنا ہے کہ شہریت کے نئے تقاضوں کے تحت ’’شہریت‘‘ کے امتحان کو سخت کیا جائے گا اور گھریلو تشدد ایسے امور سمیت سوالات پوچھے جائیں گے۔

وزیراعظم ٹرنبل کے بہ قول :’’اگر آپ کو آسٹریلیا کی شہریت چاہیے تو پھر آپ کو چند چیزوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور وہ ہیں ہماری اقدار کی پاسداری ، ملک سے وفاداری ، چار سال تک یہاں اقامت ،انگریزی میں مہارت اورمقامی آبادی سے اتصال ۔ آپ کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ آپ محض ایک انتظامی عمل کو پورا نہیں کررہے ہیں بلکہ آسٹریلوی اقدار کی پاسداری کا عزم رکھتے ہیں‘‘۔

آسٹریلوی حکومت نے منگل کے روز عارضی غیرملکی ورکروں کے لیے ویزا پروگرام کو بھی ختم کردیا ہے اور اس کی جگہ ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد بے روز گار آسٹریلوی شہریوں کو ملازمتیں دلانا ہے۔ اس کے تحت آسٹریلوی شہریوں کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی۔حکومت شہریت کے قانون میں ان ترامیم کو بحث کے لیے بہت جلد پارلیمان میں پیش کرے گی۔