.

شام:حماۃ میں فضائی حملے کے نتیجے میں 8 امدادی کارکن ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے شمالی شہر حماۃ میں ہفتے کے روز ایک فضائی حملے میں ’شہری دفاع‘ کے آٹھ رضاکار جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ’وائیٹ ہیلمٹ‘ کے نام سے مشہور امدادی کارکنان کے حماۃ میں قائم ایک مرکز پر فضائی حملہ کیا گیا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا فضائی حملہ کس ملک کی طرف سے کیا گیا تھا۔

شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے’آبزرویٹری‘ کے مطابق شہری دفاع کے کارکنان کا مرکز حماۃ کے شمالی قصبے کفر زیتا میں واقع ہے۔ ہفتے کے روز اس مرکز پر بموں اور میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ شام میں اپوزیشن کے زیرکنٹرول علاقوں پر بمباری اور نہتےشہریوں کے قتل عام میں اسد رجیم اور اس کے حلیف روس کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔ شامی فوج کے جنگی طیارے اپوزیشن کے زیرانتظام علاقوں میں وقفے سے وقفے سے بمباری کرتے رہتے ہیں۔ شامی فوج نے گذشتہ ماہ شمالی حماۃ کے علاقوں پر قبضہ کیا تھا۔ شہر کے بعض علاقے اب بھی باغیوں کے زیر انتظام ہیں۔