لندن : قطر کے بحران کے حوالے سے سعودی ، اماراتی اور بحرینی بات چیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لندن میں آج جمعے کی شام برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کی اپنے سعودی ، اماراتی اور بحرینی ہم منصبوں کے ساتھ تین خصوصی ملاقاتوں کا انعقاد ہو رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ملاقاتوں میں زیر بحث آنے والا اہم ترین موضوع قطر کا بحران ہو گا۔

چند روز پہلے جانسن کی جانب سے جاری بیان میں قطر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے پڑوسی ممالک کے اندیشوں کو سنجیدگی سے لے اور ساتھ ہی زور دیا گیا کہ دوحہ شدت پسند جماعتوں کی سپورٹ روکنے کے واسطے مزید کوششیں کرے۔

اس دوران برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے قطری حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں دہشت گردی پر روک لگانے کے لیے زیادہ بڑے پیمانے پر کوششیں کرے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید نے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹیلرسن سے ملاقات کی اور اس امر پر زور دیا کہ قطر دہشت گردی ، اشتعال انگیزی اور پڑوسی ممالک کے امور میں مداخلت روکنے کے حوالے سے ٹھوس اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔

تاہم ان کوششوں اور وساطت کے جواب میں ابھی تک دوحہ کی جانب سے کسی قسم کے مثبت اشارے سامنے نہیں آئے ہیں۔

اس سلسلے میں عرب ، امریکی اور یورپی ممالک کی سطح پر اجلاسوں ، ملاقاتوں اور بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن نے اس امر ک تردید کی ہے کہ وہ بحران کو زیر بحث لانے کے لیے کسی سربراہ اجلاس کی میزبانی کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس طرح ان قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا ہے جس میں کہا جا رہا تھا کہ قطر کے ساتھ بحران کے حل کے حوالے سے دباؤ ڈالنے کے لیے امریکا اپنا سیاسی اور سفارتی وزن استعمال کر سکتا ہے۔

یورپ میں برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے سعودی عرب ، بحرین اور قطر کی قیادت کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں مطالبہ کیا ہے کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے دوران بات چیت میں دانش مندی کو پیش نظر رکھا جائے اور خلیج تعاون کونسل کی یک جہتی کی واپسی جلد از جلد ممکن بنائی جائے۔

ادھر ترکی کی جانب سے بھی اس سلسلے میں متوازی کوششیں جاری ہیں۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوگلو قطر سے روانہ ہو کر کویت پہنچ گئے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ کویت کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض کا رخ کریں گے۔ البتہ بطور ثالثی ترکی کے کردار کو کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان میں اہم ترین امر یہ ہے کہ انقرہ پابندیوں کو بحران کے حل کے حوالے سے غیر مثبت خیال کرتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں