.

مسجد نبوی : شہری دفاع کی ہنگامی ٹیمیں زائرین کی خدمت کے لیے تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی شہری دفاع کے ادارے میں "جان بچانے اور انخلاء" ٹیم کے سارجنٹ فیصل بافقیہ مسجد نبوی شریف میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جدید ترین آلات اور سامان کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ وہ گزشتہ دس برس سے مسجد نبوی میں فوری مداخلت کی سرگرمیوں اور زائرین کے لیے امدادی خدمات میں حصہ لے رہے ہیں۔

العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کا کہنا تھا کہ " ہم یہاں مسجد نبوی میں بطور ٹیم کام کر رہے ہیں۔ ہماری موجودگی کا مقصد ہنگامی حالت میں لوگوں کی یا پھر عمر رسیدہ افراد کی منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے شہری دفاع کی فورس ، حج و عمرہ سکیورٹی فورس اور وازرت صحت کے درمیان مکمل کوآرڈی نیشن ہوتی ہے"۔

فیصل اور ان کے ساتھی مسجد نبوی شریف میں مختلف مقامات پر تعینات ہوتے ہیں۔ ان کی نظریں نمازیوں اور زائرین کی صفوں پر مرکوز ہوتی ہیں اور خدمت کے طالب یا چلنے پھرنے سے قاصر کسی بھی فرد کو تلاش کر رہی ہوتی ہیں۔

فیصل نے باور کرایا کہ " یہ ہمارے لیے ایک عظیم اعزاز ہے کہ ہم مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت انجام دے رہے ہیں.. یہ ہمارے لیے کسی بھی دوسری چیز سے بڑھ کر ہے بالخصوص جب کہ آپ پوری دنیا سے آنے والے لوگوں کو خدمات فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہوں"۔

رمضان مبارک میں سعودی شہری دفاع کی سیفٹی ٹیموں کی جانب سے معائنے کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور کوئی نقطہ یا تنصیب ایسی نہیں ہوتی جس کی جانچ سارجنٹ عبدالعزیز اور ان کے گروپ کی جانب سے نہ کی جاتی ہو۔

اس حوالے سے سارجنٹ عبدالعزیز نے بتایا کہ " شہری دفاع کے سیکٹر میں فرائض کی انجام دہی ایک بڑا اعزاز ہے۔ اللہ کے گھر اور مسجد نبوی شریف کا رخ کرنے والوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے واسطے یہ انسانیت کی خدمت ہے"۔

شہری دفاع کا ادارہ اپنے سالانہ منصوبے پر پورے عزم کے ساتھ عمل درامد کرتا ہے۔ اس کے اہل کار اور ٹیمیں مسجد نبوی اور اس کے زائرین کے حوالے سے کسی بھی نا خوش گوار واقعے کے سدّباب کے لیے ہر وقت مستعد اور رہتی ہیں۔