.

عرب سربراہان کی جانب سے شاہ سلمان اور نئے ولی عہد کو مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں مملکت کا ولی عہد اور نائب وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر پر شاہ عبداللہ نے نئے ولی عہد کے لیے نیک تمناؤں اور امیدوں کا اظہار کیا۔

ادھر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی بدھ کے روز ٹیلیفونک رابطے میں شہزادہ محمد بن سلمان کو شاہی فرمان کے ذریعے سعودی عرب کا نیا ولی عہد اور نائب وزیر اعظم اختیار کیے جانے پر پُر خلوص تہنیت کا اظہار کیا۔ صدر السیسی نے کہا کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں نئے ولی عہد ، مملکت سعودی عرب اور اس کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے متمنی ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے اس تہنیتی پیغام پر مصری صدر کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے باور کرایا کہ مصر اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات قائم رہیں گے وہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

تیونس کے صدر الباجی قائد السِبسی نے بھی شہزادہ سلمان کو مملکت کا ولی عہد بننے پر بھرپور مبارک باد پیش کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سعودی ولی عہد کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس سے قبل کویتی فرماں روا نے سب سے پہلے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اپنا نیا ولی عہد چننے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ اہم خلیجی ریاست کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’کونا‘‘ کے مطابق کویتی امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے سعودی فرماں روا کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمسایہ مملکت کی قابل قیادت کے تحت سعودی عرب کی ترقی اور خوش حالی کے متمنی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت کے امیر نے نئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی مبارک باد کا پیغام بھیجا۔