.

لبنانی وزیراعظم کی طرف سے شادی کی تجویز پرلڑکی حیران!

دینا درویش اور بلال المیر کی افطار پارٹی میں منگنی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کسی ملک کے وزیراعظم کی جانب سے نوجوان لڑکی کو بھری محفل میں شادی کے لیے ’پروپوز‘ کرنے کی مثال شاذ ونادر ہی ملے گی۔ ایسی ہی حیران کن خبروں میں لبنانی وزیراعظم سعد حریری کا ایک لڑکی کو مزاح مزاح میں پروپوز کرنے کا واقعہ بڑے پیمانے پر میڈیا میں زیر بحث ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ہوا یوں کہ بیروت میں نمائش اور کانفرنسوں کے لیے مختص ’پال سینٹر‘ میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم اور المستقبل پارٹی کے سربراہ سعد حریری بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم کی شرکت کی وجہ سے یہ تقریب لبنانی ٹی وی چینلوں پر براہ راست دکھائی جا رہی تھی۔ اس تقریب میں شریک سیکڑوں شرکاء اس وقت چونک پڑے وزیراعظم نے ایک نوجوان لڑکی کو اسٹیج پر آنے کو کہا۔ وزیر اعظم کی طرف سے نام لے کر اسٹیج پر بلوائے جانے پر لڑکی دینا درویش بھی حیران و پریشان تھی۔ دینا کو پتا نہیں تھا کہ وزیر اعظم اس کے بارے میں کس طرح کے ’عزائم‘ رکھتے ہیں۔ تاہم وہ حیرت واستعجاب کے عالم میں اسٹیج پر جا پہنچی۔ سعد حریری نے دینا درویش سے تقریب ہی میں موجود ’المستقبل پارٹی‘ کے ایک رکن بلال المیر کے بارے میں پوچھا جو پہلے ہی دینا کو شادی کا پیغام دے چکے تھے۔

وزیراعظم کی طرف سے دینا کو بلال المیر ہی کی خواہش پر بلایا گیا تھا۔ اسی اثناء میں بلال المیر بھی اسٹیج پر آ گئے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کواس واقعے کی فوٹیج یو ٹیوب سے بھی ملی ہے جہاں اسے ہزاروں افراد نے دیکھا ہے۔ جب دینا درویش وزیراعظم کے قریب اسٹیج پر کھڑی تھی تو بلال المیر قریب کھڑے عربی کے اشعار گنگنا رہا تھا۔

بلال المیر کے یہ اپنے اشعار تھے جن میں وہ دینا کو شادی کے لیے پروپوز کرنے کا پیغام دے رہا تھا۔ وزیر اعظم نے دینا سے پوچھا کہ آیا وہ بلال المیر کی تجویزسے متفق ہے۔ اس پر دینا درویش نے ’ہاں‘ میں سر ہلایا۔

اگلے لمحے بلال قریب آیا اور اپنی ہونے والی بیوی کے سامنے جھکتے ہوئے اسے انگشتری پہنائی۔ اس کی پیشانی اور گردن پر بوسہ دیا۔ وزیراعظم دو بارہ دینا کے طرف متوجہ ہوئے اور اس سے پوچھا کہ ’کیا کوئی اور بھی شادی کے لیے خواہش کا اظہار کر سکتا ہے‘۔ اس پر دینا درویش، بلال المیر اور دیگر تمام شرکاء انگشت بد نداں تھے۔