.

حج کمپنیاں فی عازم گارنٹی کی یہ رقم ادا کریں گی !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں حج اور عمرے کی وزارت نے اندرون ملک تمام حج آپریٹرز کو پابند کیا ہے کہ وہ رواں سال فی حاجی 400 ریال گارنٹی مَنی پیش کریں۔ اس رقم کی ادائیگی کو رواں سال یکم ذوالقعدہ کو حج سیزن میں حجاج کی الکٹرونک رجسٹریشن کے آغاز سے قبل یقینی بنانا ہوگا۔

اندرون ملک حجاج کے نظام کے قواعد و ضوابط کے مطابق 400 ریال کی رقم رواں برس بینک گارنٹی کا 30% ہے جب کہ بقیہ ادائیگی رقم حجاج کے لیے آپریٹروں کو مختص کیے جانے کے بعد وصول کی جائے گی۔

اس حوالے سے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ مذکورہ گارنٹی وزارت حج کی جانب سے منظور شدہ کسی مقامی بینک کی جانب سے جاری کی گئی ہو اور اس کی مدت ایک سال سے کم نہ ہو۔

اس سلسلے میں زور دیا گیا ہے کہ ٹور آپریٹرز اور حجاج کو خدمات پیش کرنے والی کمپنیاں عازمین حج اور ادارے کے درمیان طے شدہ مناسب نرخوں پر ہی اپنی خدمات (ٹرانسپورٹ ، رہائش ، دیکھ بھال اور طعام وغیرہ) فراہم کریں۔

قواعد و ضوابط کی فہرست میں تین وزارتوں داخلہ ، حج اور تجارت کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینا بھی شامل ہے جو اندرون ملک کے عازمین حج کی شکایات یا خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گی۔