عراقی وزیراعظم کا موصل میں ’’داعش کی ریاست کے سقوط‘‘ کا اعلان

کسی اور نے نہیں ،عراقیوں نے موصل کو داعش کے پنجے سے آزاد کرایا ہے: فتح پر نشری تقریر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے شمالی شہر موصل کے وسط سے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف لڑائی میں فتح کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کسی اور نے نہیں بلکہ عراقیوں نے موصل کو داعش کے پنجے سے آزاد کرایا ہے۔

حیدر العبادی نے عراقی فورسز کی فتح پر اپنی نشری تقریر میں کہا ہے:’’میں یہاں سے پوری دنیا کے لیے داعش کی اس خیالی اور دہشت گرد ریاست کی ناکامی اور سقوط کا اعلان کررہا ہے جس کا اس گروپ نے تین سال قبل اسی موصل شہر سے اعلان کیا تھا‘‘۔

انھوں نے عراقیوں کو مخاطب کرکے کہا : ’’یہ آپ کا حق ہے کہ آپ اس پر فخر کرسکتے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ لڑائی میں یہ فتح عراق کی اپنی منصوبہ بندی کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے اور عراقی اس کامیابی کو دوسری قوموں کے ساتھ شئیر نہیں کرتے ہیں۔

حیدر العبادی نے اپنی اس بات کا اعادہ کیا کہ ’’اس سرزمین کے لیے کوئی اور نہیں لڑا اور نہ اس نے قربانی دی ہے بلکہ صرف عراقیوں نے قربانی دی ہے‘‘۔البتہ انھوں نے ان ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے جو دہشت گردی اور داعش کے مقابل اٹھ کھڑے ہوئے اور انھوں نے عراق کی حمایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم داعش کے خلاف متحد ہوئے تھے ،اسی طرح ہمیں استحکام اور بے گھر ہونے والوں کو موصل میں واپس لانے کے لیے بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔

عراقی وزیراعظم نے موصل میں فتح پر اپنی نشری تقریر سے قبل انسداد دہشت گردی سروس کے آپریشنز روم سے داعش کے خلاف جنگ میں جیت کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ موصل پر عراقی فورسز کے دوبارہ قبضے کے بعد داعش کا خطرہ ختم ہوگیا ہے کیونکہ عراق کے بعض علاقوں پر اس کا قبضہ برقرار ہے اور وہاں سے اس گروپ کے جنگجوؤں کو نکال باہر کرنے کے لیے ابھی عراقی فورسز کو ایک طویل لڑائی لڑنا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں