خبردار!انٹارکٹیکا میں گلیشیئر کا ہزاروں کلومیٹر ٹکڑا الگ ہو گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ضرر رساں گیسوں کا اخراج قطب شمالی کے ارد گرد کی ہوا اور ماحول کو متاثر کر رہا ہے اور یہ چیز اس براعظم کے اطراف میں پانی کے درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔

اسی امر کا مشاہدہ سائنسدانوں نے انٹارکٹکا میں پیدا ہونے والے ایک بہت بڑے شگاف کی صورت میں کیا ہے۔ گزشتہ تیس برسوں میں ٹوٹنے والا یہ برف کا سب سے بڑا تودہ ہے ۔سائنس دانوں کا تخمینہ ہے کہ الگ ہونے والے ٹکڑے کا وزن ایک ٹریلن ٹن اور اس کا رقبہ 5800 مربع کلومیٹر ہے۔

یونیورسٹی آف سوانسی اور برطانوی سائنسی ادارے برٹش اینٹارٹک سروے کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹکڑا انٹارکٹیکا کے لارسن سی کے علاقے سے 10 اور 12 جولائی کے درمیان الگ ہوا۔

گلیشیئر کے اس ٹکڑے کا رقبہ تقریباً امریکی ریاست ڈیلاوئر یا انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے برابر ہے۔ سائنس دانوں نے اس کے ٹوٹنے کی پیش گوئی کئی مہینے پہلے کر دی تھی اور وہ یورپین سپیس ایجنسی کے سیٹلائٹس کے ذریعے اس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔

محققین کے مطابق برف کا یہ پہاڑ 175 کلومیٹر طویل ہے اور اس کی چوڑائی تقریبا 50 کلومیٹر بنتی ہے۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق یہ انتہائی بڑا تودہ ابھی شمال کی طرف بہہ رہا ہے اور اس کو پگھلنے کے لیے بھی کم از کم دو سے تین برس کا عرصہ درکار ہوگا۔

سائنسدانوں کے مطابق گزشتہ تیس برسوں کے دوران انہوں نے پہلی مرتبہ اتنے بڑے برفانی تودے کا مشاہدہ کیا ہے اور اس کا شمار تاریخ کے بڑے ترین تودوں میں ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق ضرر رساں گیسوں کا اخراج قطب شمالی کے ارد گرد کی ہوا اور ماحول کو متاثر کر رہا ہے اور یہ چیز اس براعظم کے اطراف میں پانی کے درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ زمین کا بالائی ماحول یونہی گرم ہوتا رہا تو قطب شمالی کے پگھلنے سے آنے والی دہائیوں کے دوران سمندر کی سطح میں اضافہ یقینی ہے۔

ورلڈ گلیشیئر مانیٹرنگ سروس کے مطابق اکیس ویں صدی کے آغاز سے دنیا بھر میں گلیشیئر اس تیزی سے پگھلنے لگے ہیں کہ جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی اور اس عمل کو روکنا اب ممکن نہیں ہو گا۔

سائنسدانوں کے مطابق دنیا کے مختلف علاقوں میں موجود گلیشیئرز کا توازن بگڑ چکا ہے۔ یہ گلیشیئرز اس حد تک غیر مستحکم اور غیر متوازن ہو چکے ہیں کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں کا عمل آگے بڑھنے سے رک بھی جائے تو ان گلیشیئرز کی برف بدستور پگھلتی رہے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں