.

مغربی کنارہ : اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے 3 گھر منہدم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے دیر ابو مشعل گاؤں میں دو گھروں کو منہدم کر دیا جب کہ رام اللہ شہر کے مشرق میں سلواد قصبے میں ایک گھر کو دھماکے سے اڑانے کی تیاری کے سلسلے میں مکینوں سے خالی کرا لیا ہے۔

یہ بات مذکورہ گاؤں کی مقامی کونسل کے سربراہ عماد زہران نے جمعرات کے روز ایک ٹیلیفونک گفتگو میں بتائی۔

یہ تینوں گھر اُن فلسطینیوں کی ملکیت ہیں جو رمضان المبارک میں بیت المقدس میں فائرنگ اور خنجر زنی کی کارروائی میں شریک تھے۔
سوشل میڈیا پر جاری وڈیو کلپوں میں اسرائیلی مشینوں کو دیر ابو مشعل اور سلواد میں گھروں کو منہدم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنی ٹوئیٹ میں تینوں فلسطینی گھروں کو منہدم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

انسانی حقوق کے ادارے گھروں کو منہدم کرنے کی کارروائیوں کو بین الاقوامی قانون کے مخالف ایک اجتماعی سزا قرار دیتے ہیں۔