.

گوام جزیرہ محفوظ ہے.. ٹرمپ کی جزیرے کے گورنر کو تسلّی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک وڈیو سامنے آئی ہے جس میں گُوام جزیرے کے گورنر کے ساتھ اُن کی ٹیلیفونک گفتگو سنی جا سکتی ہے۔ جمعے کے روز ہونے والی اس بات چیت میں ٹرمپ نے جزیرے کے گورنر Eddie Baza Calvo کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے دی گئی دھمکیوں سے ہر گز پریشان نہ ہوں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا یہ دھمکی دے چکا ہے کہ وہ منگل کے روز گوام جزیرے کی جانب چار میزائل داغے گا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 540 مربع کلومیٹر رقبے پر مشتمل گوام جزیرے میں سیاحوں کی آمد بری طرح متاثر ہو سکتی ہے جہاں گزشتہ برس 15 لاکھ افراد سیر و تفریح کی غرض سے آئے تھے۔

وڈیو میں گُوام جزیرے کے گورنر اپنے موبائل فون کے اسپیکر کے ذریعے امریکی صدر ٹرمپ کی گفتگو سنتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس موقع پر ٹرمپ نے باور کرایا کہ وہ جزیرے اور اس پر بسنے والے افراد (1.63 لاکھ) کے تحفظ کے لیے پر عزم ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کالوو کو یقین دہانی کرائی کہ "آپ لوگ خیریت سے ہیں اور ہم 1000% آپ لوگوں کے ساتھ موجود ہیں"۔ جواب میں کالوو کا کہنا تھا کہ "میں گوام کا گورنر ، یہاں کے عوام کا نمائندہ اور ایک امریکی شہری ہونے کی حیثیت سے آپ کی قیادت میں مکمل طور پر محفوظ محسوس کرتا ہوں۔ ہمیں آپ جیسے ہی صدر کی ضرورت ہے"۔ اس پر جوابا ٹرمپ نے کہا کہ "امریکیوں کو چاہیے تھا کہ مجھے 8 برس پہلے صدر کے طور پر لے آتے"۔

امریکی صدر نے گوام کے گورنر پر واضح کیا کہ " دنیا بھر میں لوگ گُوام کے بارے میں بات کرتے ہیں اور تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ کسی خرچ کے بغیر ہی سیاحت میں 10 گُنا اضافہ ہو جائے گا۔ ٹرمپ کا اشارہ اس جانب تھا کہ جزیرے کی جانب سے سیاحتی تشہیر کے واسطے رقم خرچ نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جزیرے میں واقع ہوٹلوں کے 95% کمرے بھرے رہتے ہیں۔

امریکی صدر کے علاوہ داخلہ سکیورٹی کے امریکی وزیر اور وہائٹ ہاؤس کے سینئر اہل کار ریٹائرڈ جنرل جون کیلی نے بھی گوام کے گورنر سے رابطہ کیا اور باور کرایا کہ جزیرہ محفوظ ہے۔

گوام کے 56 سالہ گورنر Eddie Baza Calvo کا تعلق ریپبلکن پارٹی سے ہے۔ اُن کی اہلیہ کا تعلق اسی جزیرے سے ہے اور دونوں کے چھ بچے (تین بیٹے اور تین بیٹیاں) ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ گورنر کے والد پال میکڈونلڈ کالوو بھی 1979 سے 1983 تک گوام جزیرے کے گورنر رہے۔