.

یمنی بحران کے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھیں گے:امارات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر یمن میں جاری بحران کے سیاسی حل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

العربیہ کے مطابق گذشتہ روز یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب اسماعیل ولد الشیخ احمد نے متحدہ عرب امارات میں اماراتی وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یمن میں باغیوں کے خلاف جاری آپریشن اور اس میں ہونے والی کامیابیوں سمیت تنازع کی سفارتی اور سیاسی مساعی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب ایران سے دبئی پہنچے تھے جہاں انہوں نے اماراتی قیادت سےبھی یمنی بحران پر بات چیت کی ہے۔

وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ ان کا ملک یمن میں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابو ظہبی علاقائی قوتوں کے ساتھ مل کر یمن میں فریقین کو معاہدے پر متفق کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالتا رہے گا۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے امن مندوب اس سے قبل سلطنت عمان، سعودی عرب، اردن اور ایران کا دورہ کرچکے ہیں۔ ان دوروں میں بھی یمن میں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے بات چیت کی گئی۔ایران کےسوا تمام ممالک یمن میں آئینی حکومت کی بحالی پر متفق ہیں۔

قبل ازیں اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اپنے دورہ ایران کے دوران ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بھی یمن میں جاری تنازع کے فوجی حل کی مخالفت کی اور کہا کہ تہران یمنی بحران کےسیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔