.

سلوی کی گزرگاہ کے راستے 41 قطری عازمین حج سعودی عرب میں داخل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جمعے کے روز دوپہر تک "سلوی" کی سرحدی گزرگاہ کے راستے 41 قطر عازمین حج مملکتِ سعودی عرب میں داخل ہوئے۔ اس طرح جمعرات اور جمعے کے روز داخل ہونے والے قطری عازمین حج کی مجموعی تعداد 207 ہو گئی۔

سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ "خادم حرمین شریفین کی ہدایات پر عمل درامد کرتے ہوئے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے زمینی ٹرانسپورٹروں کو اجازت دی ہے کہ وہ قطری عازمین حج کو ٹرانسپورٹ کی خدمات فراہم کریں"۔

اس سے قبل خادم حرمین شریفین کے نائب شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ کے قصرِ سلام میں قطر کے شاہی خاندان کی ایک سینئر شخصیت شيخ عبدالله بن علی بن عبدالله بن جاسم آل ثانی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شیخ عبداللہ بن علی نے باور کرایا کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات اخوّت پر مبنی ہیں جو تاریخ کا راسخ حصہ ہیں۔ قطری عازمین حج کے سعودی اراضی میں داخلے کے لیے "سلوی" کی سرحدی گزرگاہ کُھلوانے کے واسطے شیخ عبداللہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔