.

عراق : تلعفر بھیجی جانے والی فوجی کمک کرکوک میں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے صوبے کرکوک میں سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے میں وسیع پیمانے پر عسکری کمک پہنچی ہے جس کا مقصد موصل شہر کے مغرب میں واقع ضلعے تلعفر کو واپس لیے جانے کے آپریشن میں شریک ہونا ہے۔

معلومات کے مطابق عراقی فوج اور الحشد الشعبی پر مشتمل عسکری کمک درمیانے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس ہے جو کرکوک سے گزرتے ہوئے تلعفر پہنچنے گی تا کہ داعش تنظیم کو نکالنے کے لیے جاری کارروائی میں حصہ لے۔

عراقی وفاقی پولیس نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ داعش کے خلاف آئندہ فوجی آپریشن سے قبل تیاری کے سلسلے میں نشانہ بازوں کو تلعفر ضلعے کے بیرونی اطراف تعینات کر دیا گیا ہے۔

وفاقی پولیس کے سربراہ رائد جودت نے ایک بیان میں بتایا کہ وفاقی پولیس کے ہراول دستے ، نشانہ بازوں کی ٹیمیں ، ڈرون جاسوس طیارے اور درجنوں بکتر بند گاڑیاں تلعفر کے داخلی راستوں پر پہنچ چکی ہیں۔

جودت نے باور کرایا کہ تلعفر کو داعش تنظیم کے قبضے سے آزاد کرانے کےلیے معرکے کے آغاز کے واسطے تمام لوجسٹک تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔