.

قطری حجاج کے لیے شاہ سلمان کی ہدایت پر خصوصی کنٹرول روم قائم

ثالثی قبول کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ: عبداللہ آل ثانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر کے شاہی خاندان کے رکن الشیخ عبد اللہ بن علی آل ثانی نے جمعہ کے روز شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا قطری حجاج کے معاملے میں ان کی ثالثی کی مساعی اور سفارشات قبول کرنے پر وہ سعودی قیادت کے خصوصی طور پر شکر گذار ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ کے ذریعے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان سے نہایت احترام اور بھائی چارے کے اصولوں کے ساتھ بات چیت کی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عملے کی زیر نگرانی قطری حجاج کرام کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب میں قطری عازمین حج کے لیے قائم کردہ کنٹرول روم کا ہیلپ لائن نمبر 00966122367999 بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت قطری عوام کے ساتھ ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے ملک میں موجود قطری شہریوں سے ان کے اقارب پر ملاقات کی بھی اجازت دی ہے۔

ایک دوسرے بیان میں قطری حکمران خاندان کے رہ نما نے اس بات کی وضاحت کی سعودی عرب میں قطری ریال میں لین دین پر کوئی پابندی عاید نہیں۔ عبداللہ آل ثانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی مانیٹری فاؤنڈیشن کے گورنر سے بھی بات کی اور ان سے قطری ریال کے لین دین پر پابندی کی شکایت کی تو ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی پابندی موجود نہیں۔ قطری شہریوں کی جانب سے قطری ریال میں لین دین پر پابندی کی خبریں من گھڑت ہیں۔