.

سعودی عرب میں آج قومی دن منایا جا رہا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں آج 23 ستمبر کو مملکت کا قومی دن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن شاہ عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے سترہ جمادی الاولی 1351 ہجری کو جاری اُس شاہی فرمان کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں مملکت کے بانی نے جدید سعودی ریاست کے تمام حصّوں کو "مملکتِ سعودی عرب" کے نام کے تحت یکجا اور متحد کر دیا تھا۔

قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں ثقافتی ، سماجی اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ شاہراہوں اور گھروں کو سبز رنگ کے علاوہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سعودی عرب میں قومی دن کی تقریبات دارالحکومت ریاض کے شاہ فہد اسٹیڈیم میں منعقد کی جا رہی ہیں جہاں سعودی شہری اپنے خاندانوں کے ساتھ جمع ہوں گے۔ اسٹیڈیم میں تقریب کا آغاز نمازِ عشاء کے بعد ہو گا اور اس موقع پر داخلہ مفت ہو گا۔

مرحوم فرماں روا شاہ عبدالعزیز آل سعود نے 21 جمادی الاولی 1351 ہجری مطابق 23 ستمبر 1932 بروز جمعرات مملکت سعودی عرب کے قیام کے اعلان کا دن.. ملک کا قومی دن قرار دیا تھا۔

سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت سعودی عرب کے 87 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں باور کرایا ہے کہ "سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا فعّال اور مؤثر کردار بخوبی ادا کر رہا ہے۔ مملکت عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنے پر بھی کاربند ہے اور تمام انسانیت کی بھلائی کے واسطے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے"۔