.

عراق اور شام کی سرحد پر فرانسیسی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام اور عراق میں داعش تنظیم کے خلاف برسرِ جنگ بین الاقوامی اتحاد میں شامل فرانسیسی فوج کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز عراق اور شام کے درمیان سرحدی علاقے میں لڑائی کے دوران اس کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔

عراق اور شام میں فرانسیسی فوج کے مشن میں 1200 کے قریب فوجی شریک ہیں۔ امریکا کے زیرِ قیادت بین الاقوامی اتحاد نے داعش تنظیم کے خلاف عراق میں 2014 اور شام میں 2015 میں اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

عسکری مشن کے تحت داعش کے خلاف لڑنے والی مقامی فورسز کی بنیادی معاونت فضائی حملوں کی صورت میں کی جاتی ہے اور اس کے علاوہ جاسوسی کی پروازیں اور تربیتی کارروائیاں بھی عمل میں آتی ہیں۔

فرانسیسی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والا فوجی اہل کار اُس وقت گولی کا نشانہ بنا جب فرانسیسی فوجی مقامی فورسز کو داعش کے خلاف معرکے میں مشاورت فراہم کر رہے تھے۔

فرانسیسی ایوانِ صدارت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صدر عمانویل ماکرون نے فرانسیسی فوجی کی ہلاکت پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔