عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل کے لیے تمام غیر ملکی پروازیں جمعہ سے بند

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

عراقی کردستان کے علاقائی دارا لحکومت اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے متنازع آزادی ریفرینڈم کے ردعمل میں بغداد حکومت کے حکم پر جمعہ کی شام سے تمام غیرملکی پروازوں کی آمد ورفت بند کی جارہی ہے۔

اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ڈائریکٹر تالار فائق صالح نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’’ عراقی کابینہ اور وزیراعظم حیدر العبادی کے فیصلے کے بعد کسی استثنا کے بغیر اربیل آنے اور وہا ں سے جانے والی تمام بین الاقوامی پروازیں جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق چھے بجے ( 1500جی ایم ٹی ) سے بند کردی جائیں گی‘‘۔

بغداد کی حکومت کی درخواست پر تین علاقائی فضائی کمپنیوں ترکش ائیر لائنز ، مصر ائیر اور لبنان کی مڈل ایسٹ ائیر لائنز نے پہلے ہی عراقی کردستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اربیل ائیرپورٹ کی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ انھیں اس فیصلے پر بہت افسوس ہے۔اس سے شام اور عراق میں داعش کے خلاف جاری جنگی مہم اور متاثرین کے لیے امدادی سامان کی تقسیم کے عمل پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا:’’ ہمارے یہاں دوسرے ممالک کے قونصل خانے ہیں، بین الاقوامی عملہ اور کمپنیاں ہیں ۔اس لیے اس فیصلے سے ہرکسی پر اثرات مرتب ہوں گے اور یہ کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہے۔یہاں ایک بڑی بین الاقوامی کمیونٹی بھی رہ رہی ہے،اس لیے یہ صرف کردعوام کے خلاف نہیں ہے‘‘۔

تالار صالح کا کہنا تھا کہ ’’ مہاجرین کی کثیر تعداد اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو استعمال کرتی ہے اور ہم شام اور اقوام متحدہ کے درمیان متاثرہ جگہوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے ایک پُل کا بھی کردار ادا کرتے ہیں۔ہم امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل فورسز کی بھی میزبانی کررہے ہیں۔اس لیے یہ ائیر پورٹ سب کے لیے ہے‘‘۔

عراق کے خود مختار علاقے کردستان میں سوموار کو منعقدہ متنازع ریفرینڈم میں قریباً 93 فی صد ووٹروں نے اپنے خطے کی آزادی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔اس ریفرینڈم کے انعقاد کے بعد عراق کی شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے بدھ کو غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو ایک نوٹس بھیجا تھا اور اس میں انھیں خبردار کیا تھا کہ کردستا ن کے دو شہروں اربیل اور سلیمانیہ کے لیے جمعہ کو گرینچ معیاری وقت ( جی ایم ٹی ) کے مطابق 1500 بجے سے بین الاقوامی پروازیں معطل کردی جائیں گی اور ان شہروں کے درمیان صرف اندرون ملک ہی پروازیں چل سکیں گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں