ایردوآن اور پوتن شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے پر متفق

شام بالخصوص ادلب میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

روسی صدر ولادی میر پوتن اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن نے شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ترکی کے دورے کے دوران گذشتہ روز صدر پوتن نے ترک صدر ایردوآن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شام کا بحران زیربحث رہنےوالا سب سے بڑا موضوع تھا۔ دونوں رہ نماؤں نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے تمام شرائط پوری ہیں۔

صدرت پوتن نے کہا کہ شام میں سامنے آنے والے مثبت نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بہت گہرا ہے۔ دونوں رہ نماؤں نے شام میں متحارب فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور محفوظ زون کے حدود میں مزید توسیع پر بھی زور دیا۔

ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ شام میں دیر پا سیاسی حل کے لیے روس کا تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں شام کی موجودہ صورت حال بالخصوص ادلب میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔

عراق کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ صوبہ کردستان میں آزادی ریفرنڈم کا انعقاد بہت بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ترکی دونوں عراق کی وحدت کے پر زور حامی ہیں۔

ایردوآن کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت عراق کے صوبہ کردستان کو کسی اور بڑی غلطی کے ارتکاب سے روکے گی۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صدر ایردوآن نے کہا کہ عنقریب ترکی اور روس کے درمیان تعلقات میں مزید غیرمعمولی پیش رفت آئے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں