.

دمشق میں پولیس اسٹیشن پر دو خود کش بم حملے ، متعدد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک پولیس اسٹیشن پر دو خودکش بمباروں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری اور پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

دمشق نواز ایک ٹی وی چینل المیادین نے اطلاع دی ہے کہ چار جنگجوؤں نے سوموار کے رو ز پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا ہے اور اس میں دس سے زیادہ افرا د ہلاک ہوگئے ہیں۔روس کی ریا نیوز ایجنسی نے واقعے میں پندرہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

شام کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق وزیر داخلہ محمد الشعار نے کہا ہے کہ جنگجوؤں نے دمشق کے علاقے المیدان میں واقع پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا تھا اور ان کی وہاں پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ایک حملہ آور نے پہلے پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑایا تھا اور دوسرے نے پہلی منزل پر اپنے دھماکا خیز مواد سے دھماکا کیا ہے۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔اس سے پہلے داعش اور تحریر الشام جنگجو گروپ دمشق میں خود کش بم حملوں کی ذمے داری قبول کرتا رہا ہے۔