.

جدہ میں سعودی شاہی محل پر حملہ، 2 سکیورٹی اہل کار شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کے مطابق مملکت کے شہر جدہ میں شاہی محافظین کے زیر انتظام بیرونی پہرے کی چوکی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہل کار شہید ہو گئے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ "جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق 3:25 پر جدہ میں شاہی محل قصرِ سلام کے مغربی بیرونی دروازے پر شاہی محافظین کی چوکی پر ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔ یہ شخص ہونڈائی ماڈل کی ایک گاڑی سے اتر کر آیا تھا"۔

ترجمان کے مطابق شاہی محافظین کے اہل کاروں نے فوری طور پر حملہ آور کو ہلاک کر ڈالا۔ واقعے میں ایجنٹ سارجنٹ حماد بن شلاح المطيری اور فرسٹ سولجر عبدالله بن فيصل السبيعی شہید ہو گئے۔ ان کے علاوہ تین محافظین کارپورل وليد بن علی شامی ، فرسٹ سولجر احمد صالح القرنی اور فرسٹ سولجر عبدالله ہندی السبیعی زخمی ہو گئے جن کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت ہو گئی ہے۔ یہ 28 سالہ سعودی نوجوان ہے جس کا نام منصور بن حسن بن علی آل فہید العامری ہے۔ مقتول کے قبضے سے ایک کلاشنکوف کے علاوہ تین عدد آتش گیر بم بھی برآمد ہوئے۔

ادھر سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے "العربیہ" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی وجوہات اور اس کے پیچھے کار فرما عوامل جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور اپنی ذاتی گاڑی میں اکیلا آیا تھا۔