.

مصر: قومی ہیرو محمد صلاح کے ہم ناموں کے لیے مفت کھانے کی پیش کش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں ایک ریستوران نے قومی ٹیم کو اپنے گول کے ذریعے روس میں آئندہ فٹبال عالمی کپ میں پہنچانے والے مصری کھلاڑی محمد صلاح کو خراج تحسین پیش کرنے کا انوکھا انداز اختیار کیا ہے۔ محمد صلاح نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے فیصلہ کن میچ میں کانگو کی ٹیم کے خلاف مصر کا دوسرا گول کر کے 28 برس بعد اپنی ٹیم کی عالمی کپ میں شرکت کو یقینی بنایا تھا۔

مصر کے شمال مشرقی صوبے بحر احمر کے شہر راس غارب کے اس ریستوران کے مینجر کے مطابق انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد صلاح کے ہم نام ہر شہری کو خواہ وہ شہر میں رہتا ہو یا شہر کے باہر.. اسے تازہ اور گرم کھانا مفت پیش کیا جائے گا۔ مینجر کا کہنا ہے کہ یہ پیش کش کئی روز تک جاری رہے گی تاہم اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو اپنا شناختی کارڈ لازمی طور پر دکھانا ہو گا۔

مینجر نے بتایا کہ اب تک محمد صلاح نام کے حامل کئی افراد کو ریستوران کی جانب سے کھانا پیش کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریستوران نے اپنی اس پیش کش کا اعلان فیس بک پر اپنے صفحے کے ذریعے کیا ہے۔ اس کا مقصد قومی ٹیم کی کامیابی کا جشن منانا اور ٹیم کے کھلاڑی محمد صلاح کو کو اعزاز سے نوازنا ہے جس نے مصری اور عرب عوام کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔