.

بیوی نے کھولتا تیل پھینک کرشوہر جلا ڈالا

گھریلو ناچاقی کا خوفناک انجام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گھریلو ناچاقی ایک سماجی المیہ کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ آئے روز اس سماجی المیے کے لرزہ خیز واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ گھریلو ناچاقی میاں بیوی کی لڑائی کا ایک تازہ واقعہ حال ہی میں سعودی عرب کے شہر عسیر کی تثلیث گورنری میں پیش آیا جہاں بیوی نے شوہر پر کھولتا تیل پھینک کر اسے بری طرح جلا ڈالا۔

کھولتے تیل سے جھلسے شخص کو عسیرکے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب اس وحشیانہ اقدام کی مرتکب خاتون کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

عسیر میں محکمہ صحت کے ترجمان عبداللہ سعید الغامدی نے بتایا کہ مریض کو تثلیث کے جنرل اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا۔ اس کا جسم شدید گرم تیل کے نتیجے میں بری طرح جھلس چکا ہے جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو ناچاقی کے نتیجےمیں پیش آیا۔

پولیس نے واقعے کی انکوائری کے لیے معاملہ پراسیکیوٹر جنرل کے سامنے پیش کردیا ہے۔

کھولتے تیل سے متاثرہ شخص کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہے جہاں سماجی کارکنوں نے واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتےہوئے متاثرہ شخص کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔