.

سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں پر مشتمل ڈکیت گروہ دھر لیا گیا

ملزمان پر گن پوائنٹ پرقیمتی ہیرا، رقوم اور زیورات لوٹنے کا الزام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پولیس نے قیمتی پتھروں کی چوری میں ملوث ایک گینگ کے سرغنہ سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ان کے قبضے سے دو ملین (بیس لاکھ) ریال مالیت کا ہیرا، نقد رقم، زیورات اور دیگر بیش قیمت اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الریاض پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ شہر میں مقیم ایک بھارتی تارک وطن نے سیکیورٹی فورسز کو ڈکیتی کی واردات کی اطلاع دی تھی۔اس نے بتایا کہ نامعلوم افراد ایک گھر میں گھس کر دو ملین ریال مالیت کا قیمتی ہیرا، دو لاکھ نقد ریال، زیورات، تین موبائل بندوق کی نوک پرلوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی پولیس چیف کی زیرنگرانی مجرموں کا تعاقب کرتےہوئے انھیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک ملزم کو قیمتی ہیرا خفیہ طور پر فروخت کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے دو سعودی، دو یمنی، ایک بھارتی اور ایک بنگالی ساتھی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ملزمان کی نشاندہی پر ایک مکان پر چھاپا مار کر بھاری مقدار میں مال مسروقہ برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے آتشیں اسلحہ اور دستی ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ملزمان نے ایک فلپائنی شہری کے ایک لاکھ بیس ہزار ریال لوٹنے کا بھی اعتراف کیا ہے اور ان کے قبضے سے رقم برآمد کرلی گئی ہے۔