.

کردوں نے پی کے کے جنگجوؤں کو کرکوک لاکر اعلانِ جنگ کردیا: عراق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراقی حکومت نے کرد حکام پر ترکی کی علاحدگی پسند جماعت کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے ) کے جنگجوؤں کو متنازع شمالی شہرکر کوک میں لانے کا الزام عاید کیا ہے اور ان کے اس اقدام کو ’’اعلانِ جنگ‘‘ قرار دیا ہے۔

بغداد میں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے زیر صدارت اتوار کو ایک اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کرکوک اور دوسرے متنازع علاقوں میں اپنی عمل داری قائم کرے گی۔اس اجلاس میں عراق کے اعلیٰ فوجی اور سکیورٹی کمانڈروں نے شرکت کی ہے۔

دوسری جانب کردستان کے علاقائی صدر مسعود بارزانی کے ایک معاون نے پی کے کے کے جنگجوؤں کی کرکوک میں موجودگی سے انکار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت ہزاروں عراقی فوجی اور ان کی اتحادی ملیشیاؤں کے جنگجو کرکوک شہر سے باہر موجود ہیں اور وہ اس شہر کا کرد فورسز سے کنٹرول واپس لینے کی تیاری کررہے ہیں۔اس صورت حال میں عراقی فورسز اور البیش المرکہ کے درمیان مسلح کشیدگی کا خطرہ ظاہر کیا جار ہا ہے۔