.

العبادی ریاض میں.. رابطہ کاری کونسل کے معاہدے پر دستخط ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی ہفتے کے روز ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے ریاض پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اتوار کے روز سعودی رابطہ کاری کونسل کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ عراقی وفد میں دس حکومتی وزراء، ذمے داران اور مشیران شامل ہیں۔

اس سے قبل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراقی وزیراعظم سے فون پر رابطہ کر کے سعودی عراقی رابطہ کونسل کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور ان کو مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔

عراقی وزیراعظم نے رواں سال 14 جون کو جدہ میں سعودی فرماں روا سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد سعودی عرب سے بغداد کے لیے فضائی پروازوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا۔ تقریبا 27 برس بعد 18 اکتوبر کو پہلی سعودی پرواز بغداد ہوائی اڈے پر اُتری۔

جمعرات کے روز ایک اخباری بریفنگ میں امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن سعودی عراقی رابطہ کاری کونسل کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے ریاض میں عراق کے سفیر نے روزنامہ "الشرق الاوسط" کو بتایا کہ اس اعلی سطح کی کونسل کے اعلان کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بڑے پیمانے پر پیش رفت سامنے آئے گی۔