.

مصر سے قربت پر قطر حماس سے ناراض ہے: السنوار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے غزہ کی پٹی میں صدر یحییٰ السنوار نے کہا ہے کہ فلسطینیوں میں مصالحت کے دوران قطر کے کردار اور حماس کی قاہرہ سے قربت پر قطری حکومت ناراض ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک سوال کے جواب میں حماس رہ نما نے کہا کہ قطر نے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کی کوششیں کی مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکیں، جب کہ مصر کی مصالحتی کوششیں کامیاب ہوگئیں۔ اس پر قطر کو تحفظات ہیں۔

غزہ کی پٹی میں ایک تقریب کے دوران یحییٰ السنوار سے پوچھا گیا کہ کیا ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے کے حل کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے فیصلے تک قطر ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں معاونت جاری رکھے گا تو ان کا کہنا تھا کہ قطر حماس کے بعض اقدامات پر خوش نہیں۔

خیال رہے کہ حماس اور تحریک فتح نے 12 اکتوبر کو مصر کی ثالثی کے تحت ایک مصالحتی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ دونوں جماعتوں میں مصالحتی مذاکرات کی نگرانی مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل خالد فوزی نے کی تھی۔

دونوں جماعتیں فلسطین میں قومی حکومت کی تشکیل پر متفق ہوئی تھیں۔ حماس نے غزہ کی پٹی میں اپنی انتظامی کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے تمام انتظامی امور یکم دسمبر تک قومی حکومت کے سپرد کرنے کا اعلان کیا تھا۔