.

یمنی فوج کی صنعاء کی طرف پیش قدمی، بمباری میں 36 باغی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی آئینی حکومت کے ماتحت سیکیورٹی فورسز نے دارالحکومت صنعاء کے مشرقی علاقے ’نھم محاذ‘ پر اہم پیش قدمی کرتے ہوئے باغیوں کے قبضے سے مزید کئی مقامات واپس لیے ہیں۔ اسی دوران عرب اتحادی طیاروں کی جانب سے باغیوں کے ٹھکانوں پر کی گئی بمباری میں تین درجن باغی جنگجو ہلاک کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان کرنل عبداللہ الشندقی نے بتایا کہ نیشنل سیکیورٹی فورسز اور اس کی حامی ملیشیا نے نھم محاذ پر پیش قدمی کرتے ہوئے الحنشیہ، الجمیدہ، آل الحاج، نشامہ، بیت البوری ار جربت الکرع جیسے اہم قصبوں سے باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔

ایک بیان میں فوجی ترجمان نے بتایا کہ مشرقی صنعاء میں کئی مقامات پر باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

کرنل الشندقی نے بتایا کہ اتحادی طیاروں کی بمباری اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں کم سے کم 36 باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی طیاروں نے بم باری کرکے باغیوں کی چار فوجی گاڑیاں تباہ اور ان پر سوار عملے کے ساتھ ارکان کو ہلاک کیا ہے۔