.

عسیر کے جاں بحق نائب گورنر کی پارک کی صفائی کی وڈیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا پر ایک وڈیو زیر گردش ہے جس میں سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر کے نائب گورنر شہزادہ منصور بن مقرن کو پارکوں کی صفائی کی مہم میں خود شریک ہوتے دکھایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہزادہ منصور یمن کی سرحد کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

وڈیو میں عسیر صوبے کے سیاحتی مقام سودہ کے پارکوں کی صفائی کی مہم کے دوران صوبے کے پولیس سربراہ بریگیڈیئر جنرل صالح بن سلیمان القرزعی بھی مرحوم شہزادے کے ہمراہ موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں کا کہنا ہے کہ نائب گورنر کا یہ اقدام آج کے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید نمونہ ہے۔

اسی طرح ایک دوسرے وڈیو کلپ میں نائب گورنر ابہا کے ایک شہری کو تاکید کر رہے ہیں کہ اگر شہر میں جاری حالیہ منصوبہ تین ماہ کے دوران مکمل نہ ہوا تو اس کی شکایت مجھے پہنچائی جائے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 43 سالہ شہزادہ منصور بن مقرن انتہائی سخاوت اور انسان دوست طبیعت کے مالک تھے۔ ایک مرتبہ انہوں نے عمر رسیدہ خاتون شہری کا 1.65 لاکھ ریال کا قرض خاموشی کے ساتھ ادا کر دیا۔ تاہم ان کی کوشش کے باوجود میڈیا نے اس اقدام کا اعلان کر دیا اور ان کا یہ عمل منظر عام پر آ گیا۔