.

سعودی خواتین عنقریب گاڑیوں کی مرمت کا ہنر سیکھیں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد خواتین کے لیے گاڑیوں کی مرمت کے شعبے میں کام کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق عنقریب سعودی خواتین گاڑیوں کی مرمت کی پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنا شروع کریں گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں تکنیکی وپیشہ وارانہ تربیت کی جنرل آرگنائزیشن کے سربراہ احمد الفھید نے بتایا ہے کہ آرگنائزیشن نے تعلیمی اداروں کے نصاب کے لیے خواتین کی ہنگامی حالت میں گاڑیوں کی مرمت کے مواد کو شامل کرنے کی تیاری شروع کی ہے۔ انہوں نے خواتین کے لیے خوش خبری دی کہ جلد ہی تنظیم کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں گاڑیوں کی ہنگامی مرمت کے حوالے سے شام کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کی تربیت دینے کا مقصد کسی ہنگامی حالت یا معمولی فنی خرابی کی صورت میں گاڑی کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد اس طرح کی پیشہ وارانہ تربیت خواتین کی ضرورت بن چکی ہے۔

خواتین کی جانب سے کاروں کی ابتدائی نوعیت کی مرمت کے کورسز شروع کرنے کی تیاری کا خیر مقدم کیا ہے۔ خواتین کہنا ہے کہ اب تک ایسا کوئی پروگرام شروع نہیں کیا گیا جس میں خواتین کو گاڑیوں کی مرمت سے متعلق تربیت فراہم کی جائے۔ ڈرائیونگ کے دوران گاڑی خراب ہونے کی صورت میں انہیں اپنے گھر والوں یا دوسرے افراد کی مدد لینا پڑے گی۔