.

لبنان میں اغوا ہونے والا سعودی شہری کون ہے ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان میں جمعرات کی شام ایک سعودی سیاح علی البشراوی کو اغوا کر لیا گیا اور اس کی رہائی کے لیے دس لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بیروت میں سعودی سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ جبل لبنان صوبے کے علاقے کسروان سے اغوا ہونے والے 32 سالہ سعودی کی غیر مشروط آزادی کے لیے لبنانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ اعلی ترین سطح پر رابطے جاری ہیں۔

علی البشراوی کا تعلق سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے علاقے قطیف سے ہے اور اس کی بیوی فصیلہ عزیر کا تعلق شام سے ہے۔

لبنان کے وزیر داخلہ اور بلدیات نہاد المشنوق کے مطابق سعودی شہری کے اغوا کی خبر ملتے ہی مختلف سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے شروع کر دیے گئے تا کہ مذکورہ سعودی کے بارے میں معلوم کیا جا سکے۔ انہوں نے باور کرایا کہ لبنان میں مقیم اور وہاں کا دورہ کرنے والے افراد کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

المشنوق کا کہنا ہے کہ لبنان میں امن و امان کی صورت حال بگاڑنا سُرخ لکیر ہے جس سے تجاوز ممنوع ہے۔ سکیورٹی فورسز پوری طرح چاق و چوبند ہیں تا کہ حالیہ سیاسی بحران سے فائدہ اٹھانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔