.

دیر الزور میں ’داعش‘ کا کار بم دھماکہ، 26 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز مشرق شہر دیر الزور میں مبینہ طور پر شدت پسند گروپ داعش کی طرف سے کیے گئے کار بم دھماکے میں کم سے کم 26 شہری جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’آبزرویٹری‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ سرکاری فوج کے زیرکنٹرول دیر الزور شہر کے جنوبی حصے میں الجفرہ کے مقام پر پیش آیا۔ دھماکے میں نقل مکانی کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

انسانی حقوق گروپ نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے چھبیس شہریوں کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ مرنے والوں میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دیر الزور میں بعض مقامات پر داعش کے جنگجوؤں کا کنٹرول موجود ہے تاہم روسی اور شامی فوجیں مل کر داعش کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں اسدی فوج نے ملک کے مشرقی شہر اور تیل کے وسائل سے مالا مال دیر الزور کو داعش سے آزاد کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ دریائے فرات کے مغربی کنارے پر واقع شام کا یہ سب سے بڑا شہرتھا جس پر داعش نے قبضہ جما رکھا تھا۔