.

گروپ چار کے وزراء خارجہ عرب لیگ کے سربراہ سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر کا سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کے وزراء خارجہ آج اتوار کو قاہرہ میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط سے ملاقات کریں گے۔

اس ملاقات کے بعد عرب لیگ کے وزراء خارجہ کا اہم اجلاس بھی ہو گا جس میں خلیجی ملک قطر اور دوسرے ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کے حل پربھی غور کیا جائے گا۔

مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گروپ چار کے وزراء خارجہ کی عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی وجہ اور اس کے ایجنڈے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے چند روز قبل خطے میں ایرانی مداخلت کی روک تھام کے حوالے سے موثر حکمت عملی وضع کرنے کی خاطر عرب لیگ کے وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

عرب لیگ کے قاہرہ میں قائم سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے رکن ممالک نے گذشتہ ہفتے وزراء خارجہ سطح کے ہنگامی اجلاس پر اتفاق کیا تھا۔ یہ اجلاس آج اتوار کوقاہرہ میں ہو رہا ہے۔ حالیہ اجلاس کی صدارت افریقی عرب ملک جیبوتی کرے گا۔

قبل ازیں 8 نومبر کو سعودی عرب نے اقوام متحدہ کو لکھے گئے ایک مکتوب میں خطے میں ایران کے تخریبی کردار کو روکنے اور عرب ممالک میں ایرانی مداخلت بندکرانے کے لیے عالمی ادارے سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔