.

سعودی شہری کی طرف سے صفائی کرنے والوں کے اکرام میں عشائیہ!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ایک شہری کی جانب سے انسان دوست جذبے کا منفرد مظاہرہ سامنے آیا ہے۔ مملکت کے ضلعے الدلم میں خالد بن راشد نامی سعودی باشندے نے شہر میں صفائی کا کام کرنے والے سیکڑوں غیر ملکی ورکروں کے اعزاز و اکرام میں اپنے گھر پر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔

العربیہ نیوز چینل کے پروگرام "تفاعلکم" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خالد نے بتایا کہ ان کے اس اقدام کا مقصد اللہ کی رضا ہے۔ خالد کے مطابق ان صفائی کے ورکروں کا ہماری روزانہ کی زندگی میں ایک مقام اور حیثیت ہے.. اور ہم میں ہر کوئی دوسرے کو مکمل کرتا ہے۔

خالد بن راشد نے بتایا کہ اس تقریب کے انعقاد کا خیال انہیں عید الاضحی کے دوران آیا تھا جب انہوں نے دیکھا کہ بہت سے شہری اپنے گھروں میں خاندان والوں کے لیے تقریبات اور دعوتوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر خالد کو صفائی کرنے والے ان ورکروں کا خیال آیا جن میں اکثریت غیر ملکیوں کی ہے۔ البتہ تعطیلات کے دوران ان افراد کے ڈیوٹی میں مصروف ہونے کے سبب خالد کو اپنے خیال پر عمل درامد میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ لہذا مسئلے کے حل کے واسطے خالد نے بلدیہ کے سربراہ انجینئر سلیمان العائد سے رابطہ کیا۔ العائد نے اس خیال کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے مذکورہ ورکروں کے لیے ایئرکنڈیشنڈ بسوں کا انتظام کیا جس کے ذریعے ورکروں کو ان کی رہائش گاہ سے خالد کے گھر تک پہنچایا گیا۔

اس تقریب کے بعد مختلف ردود عمل کے بارے میں خالد بن راشد واضح کیا کہ ایک بھارتی اخبار نے مذکورہ اعزازی تقریب کے بارے میں رپورٹ شائع کی جب کہ بنگلہ دیش کے سفارت خانے نے تقریب کی تصاویر فراہم کرنے کی درخواست کی۔

خالد بن راشد کے مطابق ان ورکروں میں سے جب بھی کوئی ان سے ملتا ہے تو انہیں بڑی مسرت حاصل ہوتی ہے۔