.

یمنی فوج کے 7 بریگیڈز کو صنعاء کی جانب مارچ کا حکم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں سرکاری فوج کی قیادت نے سات بریگیڈز کو مارب صوبے سے صنعاء کی جانب مارچ کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس امر کی تصدیق "العربیہ" اور "الحدث" نیوز چینلوں کے ذرائع نے کی ہے۔

مذکورہ ذرائع کے مطابق سرکاری فوج کی قیادت نے نہم کے محاذ پر موجود فورسز کو فوری احکامات دیے ہیں کہ وہ اپنی عسکری کارروائیوں میں اضافہ کر دیں اور ساتھ ہی درالحکومت صنعاء کی جانب موو شروع کر دیں ۔

ان ہدایات کے ساتھ نہم کے محاذ پر عسکری کمک بھی بھیجی جا رہی ہے تا کہ صنعاء کی سمت خولان کا محاذ کھولا جا سکے۔

اس سے قبل اتوار کے روز یمنی فوج کے ایک بڑے عسکری کمانڈر نے صنعاء کے مشرق میں نہم کے محاذ پر جاری عسکری کارروائیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے سیونتھ ملٹری زون کے کمانڈر ناصر الذیبانی کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج نے گزشتہ دو روز کے دوران نہم کے محاذ پر بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یمنی فوج بلند حوصلے کے ساتھ لڑ رہی ہے جب کہ حوثی ملیشیا اجتماعی صورت میں اپنے ٹھکانوں سے فرار ہو رہی ہے۔

گزشتہ دو روز کے دوران یمنی فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے ایسے ٹھکانوں پر کنٹرول کر لیا جو دفاعی حوالے سے تزویراتی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس کنٹرول سے یمنی فوج کا کھلی زمین میں داخلہ اور وہاں بکتر بند اور بھاری فوجی گاڑیوں کی نقل وحرکت آسان ہو جائے گی۔