.

مقتول یمنی صدر علی عبداللہ صالح کے اہل خانہ عدن پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سابق مقتول صدر علی عبداللہ صالح کے اہل خانہ کے کچھ افراد صنعاء سے جنوبی یمن کے شہر عدن پہنچ گئے ہیں۔

’العربیہ‘ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول یمنی صدر علی عبداللہ صالح کے اہل خانہ پر مشتمل کچھ خواتین اور بچے گاڑیوں پر صنعاء سے دارالبیضاء کے راستے عبوری دارالحکومت عدن پہنچے ہیں۔ تاہم ذرائع نے عدن پہنچنے والے مقتول صدر کے اہل خانہ کے افراد کی تعداد بیان نہیں کی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عدن پہنچنےوالوں میں خواتین اور کم عمر بچےبھی شامل ہیں۔ یہ لوگ عدن سے کسی خلیجی ملک روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی کے صنعاء میں موجود رہ نماؤں اور قبائلی عمائدین کی ثالثی سے علی صالح کےاہل خانہ کو صنعاء سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ثالثی کا کردار ادا کرنے والوں نے حوثی ملیشیا کو چار دسمبر کو قتل ہونے والے سابق صدر علی صالح کے اہل خانہ کو صنعاء سےنکلنے کی اجازت دینے پر قائل کرلیا تھا۔