.

شیرخوار بچّے کے ساتھ نرسوں کی تفریح ، سعودی محکمہ صحت متحرّک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا پر سعودی حلقوں کے درمیان ایک وڈیو کلپ گردش میں آ یا ہے جس میں طائف شہر کے ایک ہسپتال میں نرس کو ایک شیرخوار بچّے کے چہرے کے ساتھ بے ہودہ قسم کی تفریح کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس دوران پس منظر میں وہاں موجود دیگر نرسوں کے ہنسنے کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔

پیر کی شب وسیع پیمانے پر پھیل جانے والے اس وڈیو کلپ نے سوشل میڈیا صارفین کے اندر شدید غم و غصّے کی لہر دوڑا دی۔

ادھر طائف کے محکمہ صحت کے سرکاری ترجمان عبدالہادی الربیعی کے مطابق وڈیو کلپ میں ایک نرس کی اپنی ساتھیوں سمیت نومولود بچّے کے ساتھ بے مقصد تفریح کی حرکت کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔ وڈیو کی عکس بندی بچوں کے ہسپتال کے اندر ثابت ہو جانے کے بعد طائف کے ہیلتھ ڈائریکٹر صالح بن سعد المونس نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی نے معاملے کی ذمّے دار نرسوں کے گروپ کو شناخت کر لیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں فوری طور پر کام سے روک دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔

الربیعی کا مزید کہنا ہے کہ طائف کے محکمہ صحت نے بچّے کے اہل خانہ اور عوام سے عہد کیا ہے کہ نرسوں کا واقعے میں ملوث ہونا ثابت ہونے کی صورت میں ان کے خلاف سرکاری طور پر سخت ترین سزا کا فیصلہ کیا جائے گا.. تا کہ آئندہ کوئی بھی اہل کار اپنی پیشہ ورانہ امانت داری کے خلاف کسی عمل کا ارتکاب نہ کرے۔