.

برج خلیفہ : لیزر ڈسپلے ایونٹ اِن اوقات میں مارچ تک جاری رہے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی میں "اِعمار" کمپنی نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ وہ بُرج خلیفہ پر Light Up 2018 کے نام سے اپنے لیزر ڈسپلے ایونٹ کا سلسلہ مارچ کے اختتام تک جاری رکھے گی۔ گینز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس ایونٹ نے کسی بھی ایک عمارت پر سب سے بڑی آڈیو اور ویژوئل پریزنٹیشن کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق ایونٹ کی سرگرمیاں روزانہ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ منعقد ہوا کریں گی جب کہ ہفتے کے اختتام پر جمعرات ، جمعے اور ہفتے کے روز ان کے اوقات رات دس بجے ہوں گے۔

سالِ نو کی رات دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والے لیزر ڈسپلے میں تقریبا 109252 مربّع میٹر (فٹبال کے 20 گراؤنڈز کے برابر) رقبے کو کور کیا جاتا ہے۔ برج خلیفہ پر نصب عظیم الجثہ اسکرینیں 11 لاکھ پِکسل کی ٹکنالوجی کے ساتھ اس کو نشر کرتی ہیں۔

رواں برس متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان آل نہیان (مرحوم) کے 100 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر عظیم الشان ویژوئل ڈسپلے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہLight up 2018 ایونٹ کے دوران مطلوب برقی قمقموں ، لیزر آلات اور دیگر لوازمات کا وزن 118 ٹن سے زیادہ ہے۔ ان کے علاوہ استعمال میں آنے والی کیبلوں کی مجموعی لمبائی 28.7 كلومیٹر ہے۔

اس طرح ڈسپلے کے دوران "دبئی شہر کا وسطی علاقہ" دنیا بھر کے روشن ترین علاقوں میں سے ہوتا ہے جہاں استعمال میں آنے والے Lumens کی مجموعی تعداد 7.63 کروڑ تک پہنچ جاتی ہے۔

لیزر ڈسپلے ایونٹ کے دوران متحدہ عرب امارات کے پرچم کے علاوہ مختلف قدرتی مناظر بھی پیش کیے جاتے ہیں۔

اِعمار کمپنی کے مطابق Light Up 2018 ایونٹ جاری رکھنے کا مقصد دنیا بھر سے دبئی کا دورہ کرنے کے لیے آنے والوں کے چہروں پر مسرّت کے رنگ بکھیرنا ہے۔