.

الاخوان کی مصر اور کویت کے بیچ آنے کی کوشش رُسوائی سے دوچار ہوئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ مصر اپنے برادر ملک کویت اور اس کے عوام کے ساتھ تعلقات کو انتہائی گراں قدر شمار کرتا ہے اور الاخوان المسلمون تنظیم کی جانب سے مصر اور اس کے برادر ممالک کے بیچ دراڑ پیدا کرنے کی شرم ناک کوششوں کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔

مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے یہ بات جمعے کی شام الاخوان المسلمون تنظیم کے میڈیا میں زیر گردش بعض اِفشا معلومات پر مبنی رپورٹوں پر تبصرے میں کہی۔ ان رپورٹوں میں مصر کے کویت اور بعض دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو منفی صورت میں پیش کیا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مصر کویت اور اس کے عوام کے ساتھ مضبوط اور گہرے تعلقات کو معزز اور گراں قدر صورت میں دیکھتا ہے اور تاریخ اس امر کی گواہی دیتی ہے کہ دونوں ممالک اور ان کے عوام مختلف نوعیت کے درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے یک جہتی کے بندھن میں مربوط ہو رہے ہیں۔

احمد ابو زید نے الاخوان المسلمون تنظیم اور اس کے میڈیا کی جانب سے مصر اور اُس کے برادر عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے خبردار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ مصری وزارت خارجہ کی یہ پالیسی نہیں رہی کہ وہ اس نوعیت کی مشتبہ کوششوں پر تبصرہ کرے تاہم مصری اور کویتی عوام کے درمیان قریبی تعلق اور مصر کی سپورٹ کے حوالے سے کویت کے مواقف کے احترام میں وزارت کو ایک مرتبہ پھر اپنا موقف دُہرانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔