.

یمنیی فوج کی جانب سے حوثی باغیوں سے چھینے گئے میزائل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی قومی فوج نے اتوار کو ایران نواز حوثی باغیوں کے گڑھ صعدہ گورنری میں ایک کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ ، میزائل اور گولہ بارود قبضے میں لیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے حوثیوں کے قبضے سے ملنے والی میزائلوں کی تصاویر حاصل کی ہیں۔

یمن کی مسلح افواج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے ’AT.3 Sagger‘ نامی میزائل دکھائے گئے ہیں۔ باغیوں کی جانب سے ان میزائلوں کا مشرقی صعدہ کی البقع گورنری میں استعمال کیاجاتا رہا ہے۔

عرب عسکری اتحاد کی معاونت سے گذشتہ روز یمنی فوج نے صعدہ میں متعدد مقامات پر کارروائی کی۔ فوج کی جانب سے العواضی، السعراء، البقع بازار، جبال العلیب اور دیگر مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں پرحملے کیے گئے۔ ان حملوں میں باغیوں کو غیرمعمولی نقصان سے دوچار کیا گیا۔ کئی باغی ہلاک اور زخمی بھی ہوئے جب کہ فوج نے کامیاب کارروائی کے ذریعے باغیوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور میزائل بھی قبضے میں لے لیے۔