.

انتخابات ہر صورت اپنے وقت پر ہوں گے: عراقی وزیراعظم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے منظرنامے میں ایک نئی مشکل کھڑی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ جہاں ایک طرف نئے سیاسی اتحادوں کے حوالے سے جوڑ توڑ جاری ہے وہاں دوسری طرف ابھی تک انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

عراقی انتخابی کمیشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر مالی رقوم نہ پہنچیں تو وہ انتخابات کے اپنے وقت پر انعقاد سے معذرت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ادھر عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے انتخابات کے ملتوی ہونے کے خیال کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انتخابات 12 مئی کو ہی ہوں گے۔

العبادی نے اپنے بیان میں اس امر کو مسترد کر دیا کہ وہ مسلح عناصر کو انتخابات میں داخل کرنے کے لیے کسی بھی فریق کے ساتھ کوئی بات چیت کریں گے۔ انہوں عراقی شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے انتخابی کارڈ حاصل کریں تا کہ کسی بھی قسم کی ہیرا پھیری کو روکا جا سکے۔

العبادی کے مطابق انتخابی کمیشن اور اس کے اہل کاروں کی خود مختاری کو یقینی بنانا ریاست کا فرض ہے۔