.

یمن : میدی کے ساحل پر بارودی سرنگیں بچھانے کی حوثیوں کی کوشش ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے مغربی صوبے حجہ میں سرکاری فوج نے اتوار کے روز حوثی ملیشیا کے پانچ عناصر کو ہلاک کر دیا جب کہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ افراد بحرِ احمر کے مقابل میدی کے ساحل پر سمندری بارودی سرنگیں نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

عسکری ذریعے کے مطابق سمندری بارودی سرنگوں کی تنصیب کی اس کوشش کے دوران یمنی بحریہ کی چار کشتیوں کی باغی حوثی ملیشیا کی تین کشتیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

ذریعے کا مزید کہنا ہے کہ یمنی بحریہ ایک کشتی کو نذر آتش کرنے میں کامیاب ہو گئی جس پر تین حوثی سوار تھے۔ یمنی فوج نے دوسری کشتی پر سوار دو حوثیوں کو ہلاک کر کے اس پر کنٹرول حاصل کر لیا جب کہ تیسری کشتی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

ذریعے نے واضح کیا کہ ان سمندری بارودی سرنگوں کو ہٹانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے کیوں کہ یہ مچھیروں اور میدی کے ساحل پر واقع جزیروں کے لوگوں کی زندگی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

گزشتہ برس حوثی ملیشیا کی جانب سے نصب کی جانے والی ایک بارودی سرنگ کے نتیجے میں 8 مچھیرے ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ افراد میدی کے جزیرے الطوق کے قریب شکار کی کشتی پر سوار تھے۔