.

عراق :مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری ، ابوبکر بغدادی کا نام پہلے نمبر پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراقی حکام نے منگل کے روز مطلوب دہشت گردوں کی ایک اور فہرست جاری کردی ہے۔اس میں داعش کے روپوش خلیفہ ابوبکر البغدادی کا نام پہلے نمبر پر ہے۔ان کے بعد ان کے نائب کا نام ہے۔

عراق نے اس ہفتے کے دوران میں داعش ، القاعدہ اور سابق صدر صدام حسین کی جماعت بعث پارٹی سے تعلق رکھنے والے مطلوب افراد کی یہ دوسری فہرست جاری کی ہے۔

ایک سکیورٹی عہدے دار نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جن افراد کے نام اتوار کو فہرست میں شائع کیے گئے تھے ، یہ ان سے زیادہ خطرناک ہیں۔یہ بین الاقوامی سطح پر مطلوب افراد ہیں جبکہ باقی افرا د صرف عراقی عدالتوں کو مطلوب ہیں‘‘۔

داعش کے سربراہ کا اس فہرست میں اصل نام ابراہیم عواد ابراہیم علی البدری السامرائی لکھا گیا ہے۔ان کے نائب کا نام عبدالرحان القدولی درج کیا گیا ہے جبکہ وہ ابو العلاءالعفری کے نام سے معروف ہیں۔

اس فہرست میں عراق سے تعلق رکھنے والے داعش کے سات اور مشتبہ ارکان اور پانچ غیر ملکیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ ان غیر ملکیوں میں دو سعودی ، ایک یمنی ، ایک قطری اور ایک اردنی ہے۔

عراقی حکام نے اتوار کو ساٹھ مشتبہ مطلوب افراد کی فہرست جاری کی تھی۔ان میں ایک کے سوا باقی سب عراقی تھے۔اس فہرست میں صدام حسین کی بیٹی رغد کا نام بھی شامل تھا ۔ وہ اس وقت پڑوسی ملک اردن میں رہ رہی ہیں۔انھوں نے اپنا نام اس فہرست میں شامل کرنے کی مذمت کی ہے۔

اس فہرست میں داعش کے اٹھائیس مفرور جہادیوں ، القاعدہ کے بارہ ارکان اور بعث پارٹی کے بیس ارکان کے نام شامل تھے۔وہ سب عراق کی عدالتوں کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں اور اس وقت بھگوڑے ہیں۔