.

عراق کی تعمیر نو پر بات چیت ، فرانسیسی وزیر خارجہ بغداد پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لودریاں پیر کے روز بغداد پہنچ گئے جہاں وہ اعلی عراقی عہدے داران کے ساتھ داعش تنظیم کی عسکری شکست کے بعد عراق کی تعمیر نو اور ملکی استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

اس موقع پر لودریاں نے کہا کہ "میں یہاں فرانس کی سپورٹ کے اظہار کے لیے آیا ہوں۔ ہم ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ جس طرح بین الاقوامی اتحاد میں ہماری شرکت رہی اسی طرح تعمیر نو کے مرحلے میں بھی ہم ساتھ ہوں گے"۔

ادھر لودراں کے عراقی ہم منصب ابراہیم الجعفری کا کہنا ہے کہ "ہم امید کرتے ہیں کہ تعمیر نو کے سلسلے میں فرانس کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے"۔ پیر کو کویت میں عراق کی تعمیر نو کے حوالے سے ایک کانفرنس کا افتتاح ہو رہا ہے۔

اگست 2017 کے بعد پہلی مرتبہ عراق کا دورہ کرنے والے لودریاں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی ، صدر فؤاد معصوم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سليم الجبوری سے ملاقات کریں گے۔

جنوری کے اواخر میں سوئٹزرلینڈ میں ڈیووس کے عالمی اقتصادی فورم کے دوران العبادی نے اپنے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ عراق کی تعمیر نو کے ضخیم منصوبوں کی لاگت کا اندازہ 100 ارب ڈالر کے قریب لگایا گیا ہے۔