.

اسرائیلی مہم جوئی کا جواب ہر قیمت پر دیا جائے گا: لبنان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کی مسلح افواج نے صہیونی ریاست کی طرف سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ’ٹوئٹر‘پر پوسٹ ایک بیان میں لبنانی فوج نے واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فوج نے لبنان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو اس کے نتائج کی پرواہ کیے بغیر ہم دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

لبنانی فوج کے سربراہ جنرل العماد جوزف عون نے کہا کہ وہ صہیونی ریاست کی طف سے لبنان کی خود مختاری پر حملوں کی کسی بھی سازش کا بھرپور جواب دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیروت حکومت اپنے قومی اقتصادی وسائل پر اسرائیلی دست درازی کی کوششوں کو پہلے مسترد کر چکی ہے۔

خیال رہے لبنان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے علاقائی پانیوں میں لبنان کی حدود کے اندر اسرائیلی سرگرمیوں کی روک تھام اور سرحد پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر روکنے کے لیے علاقائی ملکوں کے ساتھ کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لبنانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ اور غاصبانہ اقدامات کی روک تھام کریں گے۔

قبل ازیں لبنانی صدر میشل عون، وزیراعظم سعد الحریری اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے اسرائیل کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں پر غور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے مسلسل دھمکیاں لبنان کی حدود اور پورے علاقے کو ایک نئی کشیدگی سے دوچار کرسکتی ہیں۔