.

یمن : صعدہ میں عرب اتحاد کے فضائی حملے ، حوثیوں کے 17 اہداف تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب صعدہ صوبے میں 20 سے زیادہ حملے کیے۔ حملوں میں حوثی باغیوں کے مختلف ٹھکانوں اور عسکری گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

فی ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا کہ حملوں میں 17 سے زیادہ اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران حوثیوں کے جتھوں پر ضرب لگانے کے علاوہ ہتھیاروں سے بھری عسکری گاڑیوں اور نقل و حمل کی سواریوں کو تباہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب عرب اتحاد کے طیاروں نے صراوح ضلعے کے اطراف میں مارب اور صنعاء کے بیچ باغی حوثی ملیشیا کو حملوں کا نشانہ بنایا۔ کارروائی میں ملیشیا کے 12 ارکان ہلاک ہو گئے۔

صنعاء کے مشرق میں واقع ضلعے نہم میں یمنی فوج نے المداریج کے علاقے میں باغی حوثیوں کے جتھوں پر توپ سے گولہ باری کی۔

ادھر محلی کے علاقے کے مغرب میں اتحادی طیاروں نے باغیوں پر فضائی حملے کیے۔ اس دوران حوثی ملیشیا کے لیے گولہ بارود اور ہتھیار لے کر جانے والی دو گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

یمنی فوج کی جانب سے پیر کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مغربی صوبے الحدیدہ کے جنوب میں جاری شدید لڑائی میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران عرب اتحادی طیاروں کے حملوں میں کم از کم 100 مسلح حوثی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ہلاک شدگان میں باغیوں کے کمانڈر اور رہ نما بھی شامل ہیں۔