.

داعش کے حملے میں الحشد ملیشیا کے 27 جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے جنوب مغربی شہر کرکوک میں الحویجہ کے مقام پر شدت پسند گروپ ’داعش‘ نے گھات لگا کر حملہ کرکے الحشد الشعبی شیعہ ملیشیا کے 27جنگجو ہلاک کردیے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق داعشی جنگجوؤں نے سرکاری فوج کا بھیس بدل رکھا تھا۔ اس کارروائی میں انہوں نے الحشد ملیشیا کے متعدد جنگجو اغواء بھی کرلیے ہیں۔

دوسری جانب الحشد ملیشیا نے تصدیق کی ہے کہ داعش نے سوموار کے روز ایک کارروائی کےدوران اس کے ستائیس جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا۔

الحشد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ایام میں الحویجہ اور دوسرے علاقوں میں داعش کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں متعدد جنگجو ہلاک اور کئی گرفتار کیے گئے ہیں۔

اس دوران داعش کےایک گروپ نے اپنا بھیس بدل کر الحشد کے عناصر پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں ستائیس الحشد عناصر ہلاک ہوگئے۔ الحشد ملیشیا کے ترجمان کریم النوری نے اس کارروائی کو مجرمانہ اور ناقابل قبول اقدام قراردیتے ہوئے تمام علاقوں کو داعشی دہشت گردوں سے پاک کرنے کا اعلان کیا۔